سوشل میڈیا کی دوستی نے بیوی کو شوہر کا قاتل بنا دیا 

کراچی: کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو جوس میں زہر ڈال کر پلایا اور اسے مار دیا۔

 یہ سارا جرم اس نے اپنے آشنا کیساتھ مل کر سرانجام دیا جو کہ لاہور کا رہائشی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق 29 جون 2021ء  کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

 ایف آئی آر کے متن کے مطابق 27 جون کو ان کے بیٹا اپنی اہلیہ کیساتھ جوس پینے گیا لیکن وہاں اس کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بچ نہ سکا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔

ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ نے اپنی بہو پر شبہ ظاہر کیا تھا کہ اس نے زہر دے کر اپنے خاوند کو مار ڈالا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ خاتون کی ڈیڑھ سال سے لاہور کے ایک رہائشی نوجوان کیساتھ انسٹاگرام کے ذریعے دوستی کی تھی جو آہستہ آہستہ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ 

دونوں ایک دوسرے کے عشق میں اندھے ہو گئے۔تفتیش کے مطابق دونوں نے یوشاہ نامی نوجوان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور ملزم نے لاہور سے کورئیر کے ذریعے خاتون کو زہر بھیجا تاکہ وہ اس سے اپنے شوہر کو قتل کر سکے۔ کورئیر کے ذریعے بھیجا گیا یہ زہر سینڈ? کی ہیل میں چھپایا گیا تھا۔