برطانیہ کا 5روسی بینکوں اور تین شخصیات پر پابندیا ں عائد کرنیکا اعلان 

ماسکو:یوکرین بحران کے سنگین ہونے کے بعد برطانیہ نے آخر کار پانچ روسی بینکوں اور تین شخصیات پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 یاد رہے کہ صدر پوتن کئی ماہ تک روسی فوج کی جانب سے یوکرین پر حملے کے دعوؤں کی تردید کرتے رہے لیکن اب انھوں نے اپنے فوجی دستے مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر کنٹرول دو خطوں میں بھیج دیے ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ان دستوں کا مقصد 'امن قائم رکھنا ہے'۔

 مغربی ممالک نے روس کے اس موقف کو رد کیا ہے اور کئی مغربی ممالک کی جانب سے روس پر پابندیوں سے متعلق اعلانات متوقع ہیں۔ 

برطانوی وزیراعظم نے پانچ بینکوں کے علاوہ تین ارب پتی افراد پر بھی پابندیاں لگائی ہیں جن میں گنیڈی تمشینکو، بورس روٹنبرگ اور ایگور روٹنبرگ شامل ہیں۔

 ان افراد کے برطانیہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے اور ان پر برطانیہ آنے پر پابندی لگا دی جائے گی۔

 وزیراعظم بورس جانسن کے مطابق تمام برطانوی شہریوں پر پابندی ہوگی کہ وہ ان افراد اور بینکوں سے کسی قسم کا لین دین نہ کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں اور مزید پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کی آخری لمحے تک بحران کا سفارتی حل نکالنے کی کوشش ہوگی۔