میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے مشہور دینی درسگاہ مدرسہ نظامیہ کے بیرونی دروازے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو میرعلی ہسپتال لیجایا گیا ہے۔
دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مدرسہ نظامیہ میں ختم بخاری شریف جاری تھا۔
مقامی پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل کی سہ پہر میرعلی کے علاقہ عیدک میں واقع مشہور دینی درسگاہ مدرسہ نظامیہ کے مین گیٹ کے قریب پہلے سے نصب شدہ بم اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب مدرسے کے اندر بخاری شریف کا ختم جاری تھا۔
دھماکے سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا تعلق قریبی دیہات سے بتایا جاتا ہے۔
دھماکے میں زخمی افراد میں اطہر اللہ ساکن عیدک، دلاور خان ساکن عیدک، رحمن گل ساکن بویا، فضل محمود ساکن تپی اور محمد رشید ساکن عیدک شامل ہیں۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔