صحافی اطہر متین کا قاتل خضدار سے گرفتار

خضدار: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نجی ٹی وی چینل کے مقتول صحافی اطہر متین کے قاتل کو خضدار بلوچستان سے گرفتار کرلیا۔ 

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ صحافی اطہر متین کے قتل کیس میں کراچی پولیس نے خضدار میں چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا.

پولیس اور حساس اداروں نے صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپے مارے، گرفتار ہونے والوں میں صحافی اطہر متین کا قاتل بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے  نارتھ ناظم آباد فائیو سٹار چورنگی کے قریب گاڑی پرفائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کے صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے تھے۔

ایس پی گلبرگ طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ بائیک سوار دو لڑکوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، لیکن کار سوار نے گاڑی ان کی بائیک سے ٹکرادی۔ 

اطہر متین کی گاڑی سے ٹکر انے کے بعد بائیک سوار گرگئے، جس کے بعد بائیک سوار نے اٹھ کر پستول سے ایک فائر کیا جو مقتول کے سینے میں لگا۔

 واقعے کے بعد بائیک سوار اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری سے بائیک چھین کرفرار ہوگئے۔