وزیراعلیٰ نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں موسم بہار کی شجر کاری مہم برائے سال 2022کا افتتاح کردیاہے۔

 انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس کے سبزہ زار میں زیتون کاپودہ لگاکر شجرکاری مہم کا باضابطہ اجراء کیا۔

 شجرکاری مہم 2022کے تحت صوبہ بھر میں دس کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

 صوبائی وزراء اشتیاق ارمڑ، فیصل امین گنڈاپوراورمحب اللہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 موسم بہارکی شجرکاری مہم کے تحت فارسٹ ریجن ون میں تین کروڑ چالیس لاکھ، ریجن ٹو میں چار کروڑ بیس لاکھ جبکہ ریجن تھری میں دو کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ 

اس مقصد کے لئے محکمہ جنگلات نے دس کروڑ سے زائد پودے مفت تقسیم کئے ہیں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور شجرکاری کا فروغ شروع دن سے ہی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے۔

 صوبے میں بلین ٹری منصوبے کے سو فیصد اہداف حاصل کئے گئے ہیں اور اب ٹن بلین ٹری منصوبے کے اہداف کے حصول کے لئے پیش رفت جاری ہے۔ٹن بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے میں ایک ارب درخت لگائے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت صوبے میں ایک ارب پودے لگا نے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی حکومتی کوشش تب تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام اس میں بھر پور شرکت نہ کریں۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار اداکریں۔