کیف:یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں یوکرائنی اور روسی افواج کے درمیان دو بدو جھڑپ جاری ہے۔
یوکرائنی فوج نے روسی فوج کو بڑے نقصانات پہنچانے کے دعوے کیے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرائنی مسلح افواج کے فیس بک پیج پر جاری کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب تک ساڑھے 3 ہزار سے زائد روسی فوجی ہلاک اور 200 کے قریب قیدی بنائے جا چکے ہیں۔
یوکرائنی فوج کے بیان کے مطابق اب تک روس کے 14 لڑاکا طیارے، 8 جنگی ہیلی کاپٹر اور 102 ٹینک بھی تباہ کر دیے گئے ہیں تاہم اِن میں سے کسی بھی دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب روس نے بھی ابھی تک کسی جانی نقصان کا اعتراف نہیں کیا۔یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں صبح کا آغاز ہوتے ہی شدید لڑائی کی ابتدا ہوئی۔
بحیرہ اسود سے بھی یوکرائن پر روسی میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں جبکہ دارالحکومت کیف کے کئی علاقوں میں فضائی حملے بھی کیے جا رہے ہیں۔
کیف شہر کے مرکز سے زوردار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں۔یوکرائنی فوج کے فیس بک پیج کے مطابق شہر کے وسیلکیو علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کی سڑکوں پر جھڑپیں جاری ہیں۔
اس سے قبل کیف شہر کی انتظامیہ نے بھی ایک بیان میں لڑائی کی تصدیق کرتے ہوئے رہائشیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ کھڑکیوں یا بالکونیوں کے قریب نہ جائیں اور پناہ گاہوں میں رہیں۔
اس سے قبل یوکرائن کی مسلح افواج کا کہنا تھا کہ روسی فوجیوں کو یوکرائن کے کسی بھی شہر پر قبضے سے روک دیا گیا ہے جبکہ کئی روسی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔