اپوزیشن میں وزیراعظم کو ہٹانے کی صلاحیت ہے نہ سکت، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور علاقے کے لئے اربوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں جن پر پیشرفت جاری ہے۔ 

پشاور۔ ڈی آئی خان ایکسپریس وے کا منصوبہ علاقے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ منصوبہ جو 370 ار ب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ 

اسی طرح چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال کا منصوبہ علاقے کی ترقی کیلئے ایک اور اہم منصوبہ ہے جو کم وبیش 160 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ان منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی۔

گیس رائلٹی فنڈز سے گیس کے پیداواری اضلاع کیلئے ایر یا ڈویلپمنٹ پلانز ترتیب دیئے گئے ہیں جن کے تحت ان اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔وہ ہفتے کے روز گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ میں یوم والدین کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

 ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن مارچ کرے یا کچھ بھی کرے اْنہیں ناکامی ہو گی اور حکومت اپنی مدت ضرور پوری کرے گی، اپوزیشن میں نہ وہ صلاحیت ہے اور نہ سکت کہ وہ وزیراعظم کو ہٹائے، یہ بے روزگار لوگوں کا ٹولہ ہے اْن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، عوام نے اْنہیں مسترد کر دیا ہے اور یہ صرف وقت گزار رہے ہیں۔

 ایک اور سوال کے جواب میں محمود خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کسی سے مقابلہ نہیں اگر مقابلہ ہے تو صرف مہنگائی سے ہے۔ دْنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں مہنگائی ضرور ہے لیکن حکومت اس کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے، حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، حکومت عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اْٹھارہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد حالا ت معمول پر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ملک جن بحرانوں کا شکار ہے وہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں، سابقہ نا اہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے بجائے صرف بیرونی قرضوں پر انحصار کرکے قوم کو مقروض کر دیا لیکن موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن آنے والے دنوں میں صورتحال میں واضح بہتری آئے گی۔