پشاور:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان عثمان ڈار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے سول سیکرٹریٹ پشاور کے اطلاع سیل میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کامیاب جوان پروگرام کے تحت 40 لاکھ جوانوں کو فائدہ دیاگیا اور26ہزار جوان باروزگارہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام پروگراموں میں جوانوں کوحصہ دیااور صرف خیبرپختونخوامیں نوجوانوں کو قرضے کی مد میں دوارب دے چکے ہیں اورایک ارب مزید دینگے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورمیں لیپ ٹاپ دیئے گئے لیکن روزگارنہیں ملا مگراب ایک لاکھ جوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مرکز نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کویادرکھاجو قابل ستائش ہے اور یہ عمران خان کے ویژن کی عملی تصویرہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مختلف سکیموں میں بھی مرکز ہمارا ساتھ دے رہاہے کیونکہ خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کاقلعہ ہے، ہم ڈیجیٹل سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام پربھی کام کررہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کیا ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے بھی اپنے دور اقتدار میں نوجوانوں کے لیے کوئی ایساپروگرام دیا؟
انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں بلکہ اپنی سوچ سے فیصلہ کریں کہ کون ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے اور کون خود غرضی سے کام لیتا ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت کے قرضہ پروگرام کے تحت جوانوں کودس لاکھ، ایک کروڑ اور دس کروڑ تک قرضہ ملتاہے،بلاسود قرضہ بھی ملتاہے اور اس پراسس کی وزیراعظم سیکرٹریٹ سے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کاقرضہ دیاجارہاہے۔