روسی بینکوں کو سوئفٹ سسٹم سے نکالنے، اٹلانٹک فورس بنانے کا اعلان

مغربی اتحاد نے یوکرین پر حملے کی پاداش میں روسی بینکوں کو سوئفٹ سسٹم سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کے خلاف مغربی اتحاد نے آواز بلند کردی، مغربی اتحاد نے روسی معیشت کو کچلنے کےلیے اٹلانٹک فورس بنانے کا اعلان کردیا۔

مغربی اتحاد کا کہنا ہے کہ روس کو بین الاقوامی مالیاتی نظام سے الگ کردیا جائے گا اور اس نئے مالیاتی اقدام کی تکمیل اٹلانٹک فورس کے ذریعے کی جائے گی۔

اقدام کے بعد روس اپنے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر کسی صورت استعمال نہیں کرسکے گا۔

اس ضمن میں امریکا اور برطانیہ نے بھی روس کے مرکزی بینک پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے جب کہ مغربی اتحاد نے روس کےلیے گولڈن پاسپورٹ پر بھی پابندی کا اعلان کردیا ہے۔

پابندیوں کے بعد روس کے دولت مند شہری یورپی ممالک میں شہریت حاصل نہیں کرسکیں گے۔

روس پر پابندی لگانے والے ممالک میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی ممالک شامل ہیں جنہوں نے روسی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

بلغاریہ، پولینڈاور جمہوریہ چیک نے بھی روسی پروازوں کےلیے فضائی حدود بند کر دیں، ایسوٹیا، سلوینیا اور رومانیہ بھی پابندی لگانے والے ممالک میں شامل ہیں دوسری جانب روس نے جواب میں برطانیہ اور بالٹک ممالک کےلیے فضائی حدود بند کردیں۔