کوئٹہ میں رشتے کے تنازعہ پر 5افراد قتل 

کوئٹہ:کوئٹہ میں رشتے کے تنازعے پر دو گھروں میں فائرنگ کے نتیجے میں ماں باپ اور دو بیٹیوں سمیت پانچ افراد قتل کر دیئے گئے۔

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی پشتونستان چوک کے قریب دو گھروں میں فائرنگ سے پورا کنبہ اجڑ گیا، رشتے کے تنازعے پر ہونے والی فائرنگ سے ماں باپ اور دو بیٹیوں سمیت پانچ افرادقتل کر دیئے گئے جبکہ 6 سالہ بیٹی اور 15 سالہ بیٹا زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نواں کلی پشتونستان چوک کے قریب رفیق نامی شخص کے گھر اس کے داماد نے فائرنگ کی جس سے اس کی اپنی بیوی، ساس اور سسر جاں بحق ہوئے جبکہ محمد رفیق کے دو چھوٹے بچے زخمی ہوئے۔

ملزم نے دوسرے گھر میں گھس کربھی فائرنگ کرتے ہوئے اپنی سالی اور سالے کوقتل کر دیا۔

 واقعہ کے فوری بعد نعشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمی ہونے والے بچے ٹراما سینٹر منتقل کئے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔