میانوالی،لاہور: میانوالی میں دور جاہلیت اور کفار مکہ کی یاد تازہ ہو گئی سفاک باپ نے بیٹا پیدا نہ ہونے پر 7 دن کی نومولود بیٹی کو اپنے ہی ہاتھوں سے پستول کا فائر کرکے قتل کر ڈالا۔علاقہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ مبینہ طور پر محلہ نور پورہ میانوالی میں بیٹا پیدا نہ ہونے پر نوجوان شاہ زیب نے اپنی 7 یوم کی نومولود معصوم کلی کو پسٹل کا فائر کرکے قتل کر ڈالا اور فرار ہو گیا۔
قاتل سفاک باپ بیٹی کی پیدائش پہ پچھلے 7 دنوں سے مغموم و رنجیدہ تھا اور گذشتہ روز انتہائی و بزدلانہ اقدام اٹھا کر خود ہی اپنی ہی حقیقی بیٹی کو قتل کردیا۔
اس افسوسناک وقوعہ پہ شہر بھر میں فضا سوگوار ہو گئی اور عوام نے اس واقعہ کو دور جاہلیت سے تشبیہہ دی ہے۔
ادھر نعش کو پولیس نے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کرایا اور ملزم قاتل باپ کو گرفتار کرنے کیلئے تلاش شروع کر دی۔شہریوں نے ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سزا دے کر عبرت کا مقام بنایا جائے۔
دریں اثناء آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے میانوالی میں باپ کی فائرنگ سے نومولود بیٹی کو قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے