پشاور دھماکے کے مزید 2زخمی دم توڑ گئے

پشاور:سانحہ کوچہ رسالدار کے2 اور زخمی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے جس سے  دھماکے میں شہداء کی تعداد 66 ہوگئی۔

 واضح رہے کہ جمعہ کے روز جامع مسجد اہل تشیع کوچہ رسالدار میں خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں 64افرادشہید اور 194زخمی ہوئے تھے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی تھی۔

 ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں معروف شخصیت سردار وقار حسین اور سیدعتیق بھی شامل تھے جو گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے جس کے بعد سانحہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 66ہوگئی ہے جبکہ تاحال 7زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

 واضح رہے کہ سانحہ کوچہ رسالدار میں شہید 7 سالہ معصوم فہیم عباس کا والد عتیق حسین بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے جسدخاکی آبائی گاؤں پارا چنار منتقل کردی گئی جبکہ میت معصوم شہید فہیم عباس کی قبر کیساتھ دفنا دی گئی اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔