پشاور:لوگوں کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور پر خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت مختلف ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے علاوہ گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹس کا اجراء کردیا ہے۔
ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے "زما کے پی" کے نام سے ایک جدید موبائل ایپلیکیشن متعارف کرائی گئی ہے جس میں ابتدائی طور پر اربن پراپرٹی ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کے علاوہ گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی موجود ہے۔
یاد رہے کہ زما کے پی ایپ کے ذریعے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کی سہولت پہلے سے موجودہے۔ اس ایپ کے ذریعے لوگ اپنے گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے علاوہ ٹیکسوں کی ادائیگی کرسکتے ہیں اور اس طرح انہیں دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں انتظار کرنے سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔
اگلے مرحلے میں اس موبائل ایپ کو دیگر محکموں کے ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی کے لئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس اور سنٹرلائزڈ رجسٹریشن سسٹم کے تحت اب گاڑیوں کی رجسٹریشن اب الگ الگ اضلاع کی بجائے صرف صوبے کے نام پر ہوگی اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر اب ضلع کے نام کی بجائے صرف صوبے کانام درج ہوگا۔
ٹیکسوں کے آن لائن پیمنٹ سسٹم اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن سسٹم اور یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کے سلسلے میں ایک تقریب منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمود خان تھے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے ٹیکسوں کی ادائیگی کے آن لائن سسٹم اور سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے اجراء کوصوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی ایک کڑی اور ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم صوبے کی عوام کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہونگے۔
سرکاری محکموں میں اصلاحات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو اپنی حکومت کی ای گورننس پالیسی اور اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد سرکاری محکموں کی استعداد کار کو بہتر بنانا، لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور محکموں کے جملہ امور میں شفافیت کو یقینی بناکر بدعنوانی کے راستوں کوبندکرنا ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے تمام راستوں کو بند کرنے کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا ضروری ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تعمیراتی محکموں میں ای ٹینڈرنگ اور ای بڈنگ کا ایک یکساں نظام متعارف کروارہی ہے اور اگلے مالی سال سے صوبائی حکومت کے تمام محکموں میں خریداری اور ٹھیکوں کے معاملات ای ٹینڈرنگ،ای بڈنگ اورای پروکیورمنٹ کے ایک مرکزی نظام کے تحت کئے جائیں گے۔
سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کو لوگوں کی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے اجراء سے اب صوبے کے لوگ ملک کے دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے کی بجائے صوبے ہی میں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کروائیں گے جس سے صوبائی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔