خیبرپختونخوا، بلدیاتی نمائندے 15مارچ کو حلف اٹھائینگے

پشاور:خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونیوالے سٹی میئر اور تحصیل کونسلوں کے چیئرمینوں سمیت تمام منتخب نمائندے 15مارچ کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

 اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کے روز صوبے کے 17اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کے نام جاری ہونے والے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17اضلاع میں منتخب ہونے والے سٹی میئراور تحصیل کونسلوں کے چیئرمینوں کے علاوہ ویلج اور نیبر ہد کونسلوں کے منتخب نمائندے 15مارچ کو اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

 اس لئے اس حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں اور حلف اٹھانے کے بعد تمام منتخب نمائندوں کی فہرستیں متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ فراہم کی جائیں۔