وزیراعظم، وزیر اعلی کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا (کے پی) میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کے  پی محمود خان، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمرکو بھی نوٹس بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

 الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر  مراد سعید اور انور زیب کو بھی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

اس معاملے پر اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کا جاری کردہ آرڈیننس نظر انداز نہیں کر سکتا، آرڈیننس میں دی گئی سیاسی سرگرمی کی اجازت سے منع نہیں کرسکتا۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار نہیں کہ وہ آرڈیننس کا اثر زیرو کرسکے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو لوئر دیر میں جلسہ کرنے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹیرنز کو الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت ہے، پبلک آفس ہولڈرز پر بدستور پابندی ہوگی۔