پشاور: خیبرپختونخواکے 5 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارکوں اورتفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑ ا کرکٹ کومناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے شروع کئے جانے والے 97 ارب روپے کی لاگت کے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد کیلئے معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے ہیں جبکہ منصوبے کے مختلف پیکجز کے لئے ٹینڈرز بھی جاری ہو چکے ہیں۔
منصوبے کے پیکج ون کے تحت ایبٹ آباد، کوہاٹ، مردان، مینگورہ اور پشاور میں تفریحی پارکوں کی تعمیر کیلئے بڈز موصول ہو چکی ہیں اور ٹیکنکل بڈز کی ایویلویشن کا عمل جاری ہے۔
یہ بات گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مردان اور کوہاٹ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کیلئے رواں ماہ کے آخر تک بڈز موصول ہو جائیں گی جبکہ پراجیکٹ مینجمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سپروژن کنسلٹنٹ کی ہائرنگ کیلئے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔
پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور سٹی امپلمنٹیشن یونٹ کی ہائرنگ کیلئے آسامیاں مشتہر کر دی گئی ہیں اور ہائرنگ کا یہ عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ مینگورہ واٹر سپلائی سکیم پر بھی خاطر خواہ پیشرفت ہو چکی ہے۔
ایبٹ آباد میں چونا گریویٹی بیسڈ واٹرسپلائی سکیم پشاور اورکو ہاٹ میں واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری کیلئے مارچ کے آخر تک بڈز موصول ہو جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ فیز ٹو کے نام سے باقی ماندہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بنوں اور ڈی آئی خان کیلئے ایک الگ سے منصوبہ شروع کرنے کیلئے متعلقہ حکام کواقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو عوامی فلاح کا ایک بہتر منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس پر ٹھوس پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور عوام کو تفریحی پارکس کے علاوہ شہری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
اُنہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں میں سرفہرست ہے اور اس پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت کو ہرصور ت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔