پشاور:عوامی نیشنل پارٹی نے 23مارچ کو اپوزیشن کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ حکومتی بوکھلاہٹ تحریک انصاف کے انجام کا پتہ بتا رہی ہے۔ عمران خان گھبراہٹ میں گالیوں پر اتر آئے ہیں۔
باچا خان مرکز پشاور میں خان عبدالغنی خان کی 26 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی حق ہے۔ اجلاس بلا کر عدم اعتماد کے تمام مراحل پورے کرنے ایک آئینی تقاضہ ہے۔
عمران نیازی کی سوچ صرف اپنی ذات تک محدود ہے۔ پاکستان کی سیاست میں اس کا سٹیک نہیں اور اس قسم کا بندہ پاکستان کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔
جعلی وزیراعظم اگر جارہا ہے تو وہ بالکل کوشش کرے گا کہ نظام بھی چلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اے این پی اور پی پی پی کو 23 تاریخ کے مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔اے این پی نے دعوت قبول کرلی ہے اور مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔
10لاکھ لوگوں کو اکھٹا کرنا اگر اپوزیشن کو ڈارنے کیلئے ہے تو کم ازکم اے این پی اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ نظام کو خراب نہ ہونے دے اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھیں۔ اے این پی اپنے موقف کے ساتھ ہر میدان میں اپنی بات سامنے رکھے گی۔
اپوزیشن جماعتیں سیاسی اختلافات ضرور رکھتی ہیں لیکن نااہل حکومت کے خلاف ایک پیج پر ہیں۔ اپوزیشن اتحاد اس بات پر متحد ہے کہ اس حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی نے شروع دن سے ہی اس ناجائز حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔
پوری دنیا جانتی ہے کہ اس حکومت کو عوامی مینڈیٹ چوری کرکے عوام پر مسلط کیا گیا۔ملک میں نئے اور شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اصلاحات کے نام پر موجودہ حکومت نے جو چور راستے اپنے لئے بنائے ہیں انکو بند کرکے انتخابات کا انعقاد کروایا جائے۔