وزیراعلیٰ کا کوچہ رسالدار کے متاثرین کیلئے معاوضہ فی کس 30لاکھ روپے کرنیکا اعلان 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کے شہداء کے لواحقین کے لیے خصوصی معاوضوں کی رقم فی کس  20 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

یہ اعلان انہوں نے بدھ کے روز امامیہ جرگے کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری برگیڈیئر ریٹائرڈ سر تاج قزلباش کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداء کے لئے معاوضوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 یاد رہے کہ صوبائی کابینہ نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداء کے لواحقین کے لئے 20 لاکھ روپے فی کس خصوصی معاوضوں کی منظوری دی تھی۔ 

ملاقات میں وفد نے وزیر اعلیٰ سے ان خصوصی معاوضوں کی رقم کو بڑھانے کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ نے معاوضوں کی رقم کو 20 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا۔

 وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ 

بعد ازاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے امامیہ جرگے کے رہنماؤں کے ہمراہ منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوچہ رسالدار کی مسجد پر حملہ ملک کے تمام شہریوں پر حملہ تھا۔

 وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت متاثرہ مسجد کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ کوچہ رسالدار مسجد میں نمازیوں پر حملہ کسی ایک فرقے پر نہیں بلکہ اس ملک کے ہر شہری پر حملہ تھا جس کا دکھ اور درد ہر پاکستانی شہری نے محسوس کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر ملک کی سا  لمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،ان کو ہم اپنے اتحاد، اسلامی بھائی چارے اور اتفاق سے شکست دیں گے اور انہیں ان کے گمراہ کن مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ملک دشمن اور اسلام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

 بیرسٹر سیف کا کہنا تھا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہداء کے ورثاء کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ امامیہ جرگہ کے ساتھ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو سرکاری ملازمین اس سانحہ میں شہید ہوئے ہیں ان کی فیملیز اسی طرح سرکاری رہائشوں میں قیام کریں گی اور ان کے بچوں کو گریجویشن کے بعد ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

 اس موقع پر امامیہ جرگہ کے جنرل سیکرٹری برگیڈیئر سرتاج قزلباش کا کہنا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔ چند عناصر ہیں جو دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ 

دشمن ہمارے ملک کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے اور معاشرے میں قائم اتحاد، اتفاق اور اسلامی بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتا ہے لیکن انہیں اس میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔