این آر او مانگنے والے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، وزیراعلیٰ

 

سوات: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے لٹیروں کو این آراو دینے سے انکار کیا تو وہ اپنی چوری چھپانے کے لئے اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن یہ حکومت کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔

 ان لوگوں نے ملک پر باری باری ستر سال سے حکومت کرکے صرف اپنی جیبیں بھری ہیں اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر چلے گئے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئمہ مساجد کو ماہانہ وظائف کی ادائیگی، صوبہ بھر کے مساجد کی سولرائزیشن، مدرسے کے طلبہ کو سکالرشپس کی فراہمی کے علاوہ دیگر مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے اس صوبے پر پانچ سال حکومت کی وہ عوام کو بتائیں کہ انہوں نے اسلام کی کیا خدمت کی ہے۔

 وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندی کے دوران جب سوات کے لوگ نقل مکانی کررہے تھے تو عمران خان واحد لیڈر تھے جو سوات کے متاثرین کی آواز بنے تھے جبکہ شہباز شریف نے اٹک کے مقام پر پختونوں کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی اور آج وہ لوگ پختونخوا کے خیر خواہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونوں کے نام نہاد علمبرداروں نے بھی اس صوبے پر پانچ سال حکومت کی لیکن انہوں نے اپنی جائیدادیں بنانے کے علاوہ پختونوں کے حقوق کے لئے کچھ نہیں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے فنڈز کھانے والے آج عمران خان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ان تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور اب صرف پاکستان تحریک انصاف ہی اس صوبے کے عوام کی امیدوں کا واحد مرکز ہے، خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں آئندہ حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف ہی کی ہوگی۔