کوٹری: انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں کار سوار 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سہون کے قریب انڈس ہائی وے پر کوچ اور کار مں تصادم ہوگیا، دلخراش واقعے میں کار میں سوار 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال پہنچایا، جائے وقوعہ پر 4 افراد دم توڑ چکے تھے، جب کہ 3 افراد نے اسپتال میں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کار میں سوار تھے۔
پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، اور یہ فیملی دادو کے علاقے میہڑ سے تعلق رکھتی ہے، ابھی تک کی معلومات میں جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی، ان کے چار بچے اور کار ڈرائیور شامل ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جب کہ کوچ میں سوار 8 افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔