وزیراعلیٰ نے پشاور میں نئے جنرل بس سٹینڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سردار گڑھی میں نئے جنرل بس سٹینڈ کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ بشیر آباد میں نو قائم شدہ فیملی پارک کا افتتاح کیا۔

جنرل بس اسٹینڈ کا منصوبہ پانچ ارب روپے کی  لاگت سے جون2023 تک مکمل کیا جائے گا۔303 کنال رقبے پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے اس بس سٹینڈ میں مسافروں کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی جن میں کمرشل شاپس، کیفے ٹیریا، مسجد، ٹائلٹس، ورکشاپس، ریسٹ ایریاز، ویٹنگ ایریاز، سروس اسٹیشن، پٹرول پمپ، واٹرری سائیکلنگ پلانٹ، سولرسسٹم وغیرہ شامل ہیں۔

 اس بس سٹینڈ کی تعمیر سے پشاور شہر میں ٹریفک سے جڑے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس جنرل بس اسٹینڈ کی تعمیر مکمل ہونے پر شہر کے اندر قائم چھوٹے بڑے 16 بس اسٹینڈز کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا جس سے شہر میں ماحولیاتی آلودگی کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

 بشیر آباد فیملی پارک 30 کنال رقبے پر مشتمل ہے جسے ساڑھے سات کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس میں سیر و تفریح کی تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ 

صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، فیصل امین گنڈا پور، اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان، فضل الٰہی، ملک واجداور ارباب جہانداد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

 وزیراعلیٰ نے بشیر آباد پارک کے افتتاح کے موقع پر نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

 صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

 وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اس ملک کے غریب عوام کا درد رکھتے  ہیں اور وہ ہر آزمائش میں سرخرو ہوں گے۔ ایک طرف اُن لوگوں کا ٹولہ ہے جنہوں نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاہے، دوسری طرف عمران خان ہیں جو اکیلے ملکی خودمختاری، کشمیر کی آزادی اور اسلام کی سربلندی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہاکہ عمران خان نے عالمی برادری پر واضح کر دیا ہے کہ دوستی برابری کی بنیادوں پر ہو گی۔اُنہوں نے کہاکہ سیاسی بیروزگار وں کا ٹولہ چاہے جو کچھ بھی کرلے عدم اعتماد ناکام ہو گی اور وزیراعظم ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔

 اُنہوں نے کہاکہ اپوزیشن والے بیرونی قوتوں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں نہ تو ان کے پاس کو ئی ایجنڈا ہے اور نہ پلان۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں کچھ بھی کرلیں وہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں اور خیبرپختونخوا کے عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور 27 تاریخ کو صوبے سے کارکنان کا ایک جم غفیر اسلام آباد پہنچے گااور اسلام آباد کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہو گا۔