پشاور: کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں کمشنر نے علما سے درخواست کی کہ ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے لیے وہ اپنا اہم کردار ادا کریں اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا اجلاس ایک جگہ منعقد کیا جائے۔
کمشنر پشاور نے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پاس جرگہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر ریاض محسود کی سربراہی میں اس جرگے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام شامل ہوں گے۔
یہ جرگہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے درخواست کرے گا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا ایک ہی جگہ پر مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔
کمشنر پشاور نے کہا کہ ملک میں ایک ہی دن رمضان اور عید کرنے اور ماہ مقدس کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ان کی طرف سے کوششیں جاری رہیں گی۔