ہرسال رمضان المبارک کے آتے ہی حکومت اشیائے خوراک کی قیمتوں میں رعایت دیتی ہے اور انتظامیہ کے ذریعے ذخیرہ اندوزی،ملاوٹ اورگران فروشی پرقابو پاکر روزہ داروں کو ریلیف دیتی ہے اس سال خیبر پختونخوا کی حکومت نے ایک بار پھررمضان المبارک کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آٹے پر اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دی جائیگی20کلو کا تھیلا 800روپے میں ملے گا اور10کلوکا تھیلا 400روپے میں دستیاب ہوگا۔اس مقصد کیلئے2800سیل پوائنٹس مقرر کئے جائینگے83مقامات پر سستا بازار لگائے جائینگے۔42موبائل یوٹیلیٹی سٹور قائم ہونگے96مقامات پررمضان دسترخوان بچھائے جائینگے صوبے کے طول وعرض میں 123سہولت سنٹر بنیں گے۔ان سہولیات سے رمضان المبارک کے دوران عوام کوغذائی اجناس لینے میں آسانی ہوگی۔رمضان المبارک کی آمد سے پہلے رعایتی پیکیج کااعلان کرنے کے بعد حکومت نے شہری اور دیہی علاقوں میں انتظامی آفیسروں کو ہدایت کی ہے کہ بازاروں کی موثر نگرانی کرکے عوام کو معیاری اجناس سستے داموں پرمہیا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کاروائی کرکے ان کو نشان عبرت بنائیں۔
موجودہ سال رمضان المبارک ایسے وقت پر آیا ہے جب ڈالر184روپے کا ہوگیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بلندی کی طرف مائل ہیں۔گیس کی قیمتوں کا بھی ایسا ہی حال ہے۔ان اقدامات سے ملک کے اندر آٹا،گھی،دالیں اور دیگر غذائی اجناس کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور غذائی اجناس کا معیار بھی بہتر ہوگا۔کابینہ کے اجلاس میں فیصلے کے بعد صوبائی چیف سیکرٹری کی طرف سے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان ہدایات کی روشنی میں انتظامی آفیسروں کو خصوصی اختیارات دے دئیے گئے ہیں ان اختیارات کو استعمال کرکے مقامی حکام نے اگر ذخیرہ اندوزی،ملاوٹ اور گران فروشی پر قابو پالیا تو رمضان شریف کے دوران روزہ داروں کو سُکھ کا سانس نصیب ہوگا اسلام کی آفاقی تعلیمات اور اسلام کے اندر حقوق العباد یا بندوں کے ساتھ لین دین کے معاملات پر جو واضح احکامات اُتارے گئے ہیں‘ہماری حکومت کو ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کی روک تھام کیلئے مجسٹریٹ‘ پولیس،قانون،جرمانہ اور قیدوبند کا سہارا لینا پڑتا ہے بصورت دیگر آج کل رمضان المبارک اور عید کو منافع کمانے کا زرین موقع خیال کیا جاتا ہے۔یہ شکر کا مقام ہے کہ صوبائی حکومت نے آٹے کی قیمت میں سبسڈی دینے کیلئے اڑھائی ارب روپے کابے مثال پیکیج منظور کیاہے۔اگر انتظامیہ نے فعال کردار ادا کیا توعوام کی جان میں جان آئیگی۔رمضان کے مہینے میں اشیائے صرف کی آسانی کے ساتھ دستیابی وہ اہم مرحلہ ہے جس سے استفادہ کرنا یقینا عام شہری کا حق ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کا اہم کردار ہوتا ہے کہ وہ مارکیٹ میں اشیاء کی طلب اور رسد دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نرخوں پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ عام شہری کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔