ڈیر ہ اسماعیل خان: تحصیل کلاچی کے علاقے مڈی میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مقامی طالبان کیخلاف انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا جس میں تحریک طالبان گنڈاپور کے تین دہشتگرد مارے گئے۔
مارے جانیوالے دہشتگرد کلاچی میں پولیو ٹیم پر حملوں، پولیس ٹارگٹ کلنگ، آرمی بیس پر حملوں میں ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقے مڈی میں سیکورٹی فورسز پولیس اور سی ٹی ڈی ڈیرہ نے سیکورٹی اداروں کوانتہائی مطلوب تحریک طالبان گنڈاپور کے دہشتگردوں کی علاقہ میں موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن میں تحریک طالبان گنڈاپور کے تین دہشتگرد مارے گئے جن کی شناخت کمال عرف کمالی سکنہ مڈی،سلیم سکنہ مڈی اوراحسان سکنہ مڈی کے ناموں سے ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مارے گئے تینوں دہشتگرد چند روز قبل ٹانک میں ایف سی قلعہ پر حملے سمیت کلاچی میں پولیو ٹیم پر حملوں، پولیس ٹارگٹ کلنگ، آرمی بیس پر حملوں میں ملوث تھے۔
سیکورٹی فورسز کے مطابق مارے گئے تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ کے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔