قومی مفاد

حکومت آنے جانے والی چیز ہے، آج ایک حکومت میں ہے تو کل کوئی دوسرا عنان اقتدار سنبھالے ہوئے معاملات کو چلاتا ہوگا۔ تاہم اس دوران ایک عنصر کا تسلسل ضروری ہے اور وہ ہے قومی مفاد اور ملکی سلامتی، اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں نہیں کیا جاسکتا۔وطن عزیز کے سیاسی حالات میں گزشتہ کچھ عرصے سے طلاطم ہے۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ آ ج جب کہ کورونا وائرس اور یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کی وجہ سے دنیا کے کئی دیگر ممالک کی طرح ہماری گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے  اور ملک میں امن  اور یکجہتی کی ضرورث ہے۔حالات کچھ اور رخ اختیار کر گئے ہیں۔ اس وقت دیکھا جائے تو ہمارے ملک کے مستقبل کیلئے سی پیک بہت اہم منصوبہ ہے، جو بھی حکومت آئے کم از کم اس منصوبے میں سستی اور اس پر سمجھوتہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ جو اگلے روز چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہ بیان دیا ہے کہ پاکستان میں سیاسی صورت حال سے دونوں ممالک میں تعاون متاثر نہیں ہوگا چین کے اس خدشے کی غمازی کرتا ہے کہ اگر  پاکستان میں نئی حکومت آتی ہے تو برسر اقتدار آنے کے بعد سی پیک سے اپنا ہاتھ کھینچ  نہ لے  تاہم زمین حقائق اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور مشکل سے مشکل حالات میں بھی چین اور پاکستان کی دوستی میں کوئی رخنہ نہیں آیا۔ اس لئے اس حوالے سے پریشانی وقتی تو ہوسکتی ہے تاہم پاکستان کی کوئی بھی حکومت چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو کمزور نہیں ہونے دیگی۔ 
ا ب کچھ بات ہو جائے عالمی منظر نامے کی تو روس اوریوکرین کا تنازعہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اُلجھنے لگا ہے اور یہاں پر پیش آنے والے واقعات سی یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ روس کو امریکہ نے ایک اور طویل جنگ میں پھانس لیا ہے تاہم معاشی اور قدرتی وسائل سے مالامال روس جلدی ہار ماننے والا نہیں اور لگتا ہے کہ اس محاذ پر بھی امریکہ کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ جس طرح افغانستان میں امریکہ کو غیر متوقع حالات کاسامنا کرنا پڑا سی طرح یوکرین میں روس کو پھانسنے کی پالیسی بھی گلے پڑ سکتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یوکرین کو امریکہ اور اس کے نیٹو اتحادیوں نے جنگ میں جھونک دیا۔ وہاں پر ایسے حالات پیدا کئے کہ روس کو اپنی قومی سلامتی خطرے میں نظر آنے لگی اور اس  نے بالاخر مجبور ہو کر یوکرین پر حملہ کر دیا، اب اگر یوکرین  میں روس کی شرائط پر جنگ بندی  ہوتی ہے تو یہ روس کی جیت ہوگی اور امریکہ کی ہار۔