کرک میں پولیس پر حملہ، حوالدار سمیت 2اہلکار شہید، ایک دہشتگرد بھی مارا گیا 

کرک:تحصیل تخت نصرتی کے علاقے احمد آباد میں دہشت گردوں کی پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں حولدار اور سپاہی شہید جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس چوکی احمد آباد کے انچارج حوالدار انور خان معمول کی گشت پر تھا کہ گزشتہ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ورانہ احمد آباد چوک کے قریب پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا جو نہ روکے اور کچھ فاصلے پر جاکر پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں انچارج انور خان موقع پر شہید ہوگیا اور سپاہی وصال خان نے ڈرائیور نثار کے ہمراہ دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

 دوطرفہ فائرنگ سے سپاہی وصال خان اور ڈرائیور نثار زخمی ہوگئے جن کو فوری طور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کرک پہنچایا گیا جہاں سپاہی وصال بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوچکا ہے جبکہ دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا،ہلاک دہشت گرد کا نام عطاء  المؤمن شاہ ولد عبدالعزیز خان ساکن پہاڑ پور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان بتایا گیا ہے جبکہ فرار ساتھی کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔