لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اہم شخصیات اورحساس اداروں کیخلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ چلانے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اہم شخصیات اورحساس اداروں کیخلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ چلانے کے معاملے پر ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ لاہور سے 2، گجرات اور فیصل آباد سے 8افراد کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران لاہور سے 2، گجرات اور فیصل آباد سے 8افراد کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے انسداد دہشت گردی اور سائبر کرائم ونگ نے چھاپے مارے۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ 50 افراد سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس آپریٹ کر رہے ہیں، متعدد اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب عدلیہ،عسکری حکام کیخلاف مہم چلانے پر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا ، جس میں ڈائریکٹر سائبرکرائم نے ڈی جی ایف آئی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا 2ملزمان گرفتارکرلئے۔
ڈائریکٹر سائبرکرائم کا کہنا تھا کہ ملزمان عدلیہ،عسکری حکام کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلارہےتھے، ایک ملزم کولاہور دوسرے کو ملتان سے گرفتار کیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتک مہم میں شامل 50 ہزار پیجز شارٹ لسٹ کر لئے گئے ہیں، مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، تنازع مہم کے بیشتر پیجز انڈیا سے آپریٹ ہو رہے تھے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبرکرائم ونگ نے سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ مخالف مہم شروع کرنے افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس اور پیجزکی چھان بین جاری ہے ، تحقیقات کا آغاز درخواست نہیں وزارت داخلہ کے احکامات پر ہوا۔
ذرائع کے مطابق نفرت انگیزموادپھیلانے والے اکاؤنٹس کی تعداد کا پتہ چلایا جارہا ہے، فوج، عدلیہ مخالف مہم چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔