کراچی: کراچی ملیر سے لاپتا ہونے والی دوسری لڑکی 16 سالہ نمرہ کا بھی پتا چل گیا، لڑکی ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے جہاں اس نے نکاح کرلیا۔
کراچی میں چند روز قبل ملیر سے یکے بعد دیگرے دو لڑکیاں لاپتا ہوگئی تھیں، دعا زہرہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لاہور میں موجود ہے اور اس نے نکاح کرلیا ہے اور اب معلوم ہوا ہے کہ دوسری لاپتا لڑکی نمرہ نے بھی نکاح کرلیا ہے اور وہ ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سعود آباد سے لاپتا نمرہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں موجود ہے اور وہ شاہ رخ نامی لڑکے سے نکاح کرچکی ہے، قبل ازیں نمرہ کی والدہ نے شاہ رخ نامی نوجوان پر اغوا کا شبہ ظاہر کیا تھا۔
اسی کے ساتھ ہی نمرہ کا عدالت میں جمع کرایا گیا ایک حلف نامہ اور ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا ہے جس میں نمرہ نے کہا ہے کہ میں اپنی مرضی اور ہوش و حواس میں شاہ رخ سے نکاح کررہی ہوں۔
نمرہ کاظمی نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ہراسمنٹ کی درخواست دائر کر دی جس میں اپنی مرضی سے گھر چھوڑنے اور شادی کرنے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ نمرہ کاظمی نے درخواست میں اپنے والد پر زبردستی بڑی عمر کے آدمی سے شادی کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔
نمرہ کاظمی نے کہا ہے کہ نجیب شاہ رخ سے بچپن میں منگنی ہوئی تھی لیکن پولیس تھانہ تونسہ اور والد زبردستی طلاق دلوا کر شوہر سے علیحدہ کرنا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا ڈی پی او ڈی جی خان علی وسیم نے کہا ہے کہ ڈی جی خان پولیس نمرہ کاظمی تک پہنچ گئی اور اس حوالے سے کراچی پولیس کو اطلاع کردی گئی، لڑکی کا عدالت میں جمع کرایا گیا بیان بھی حاصل کرلیا ہے۔