سی پیک کے خلاف سازش

جامعہ کراچی میں اگلے روز ایک خودکش حملہ ہواجس سے تین چینی اساتذہ ہلاک ہوئے۔ بادی النظر میں تو یہ امریکی اور بھارتی سازش کا حصہ ہی لگتا ہے کہ جو پاکستان میں سی پیک کے سلسلے میں کام کرنے والے چینیوں کو ڈرا دھمکا کر پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی چین کے ساتھ قربت امریکہ کو ایک آ نکھ نہیں بھاتی وہ پاکستان کے اندر بد امنی کی فضا پیدا کر کے دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان بیرونی سر مایہ کاری کیلئے محفوظ ملک نہیں ہے۔ امریکہ ہر اس ملک میں انتشار پیدا کرتا ہے کہ جو اس کی ہاں میں ہاں نہیں ملاتا اور چین یا  روس کی دوستی کا دم بھرتا ہے۔
 یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ چینی قیادت اور عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ جہاں تک عام پاکستانی کا تعلق ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ چین کی محبت سے سرشار ہے اور وہ پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی ہر کوشش کو ناکام بناتا آ یاہے۔ چین کو اس بات کا بھی پورا احساس ہے کہ آ ج امریکہ پاکستان کیلئے جو مشکلات پیدا کر رہا ہے وہ محض اس لئے کہ پاکستان امریکہ کی دوستی پر چین کے سا تھ دوستی کو ترجیح دیتا ہے۔جہاں تک امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بات ہے تو ماضی میں اس نے پاکستان کے ذریعے خطے میں اپنے مفادات کا حصول بھی ممکن بنایا اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ سابقہ سوویت یونین کے ساتھ پاکستان کی اپنی کوئی دشمنی نہیں تھی۔
یہ تو امریکہ تھا جس نے سوویت یونین کے خلاف اپنی سرگرمیوں میں پاکستان کو ملوث کیا اور ایک طرح سے سوویت یونین پاکستان کا مخالف ہوگیا تھا۔ اب جبکہ عرصہ دراز کے بعد پاکستان اور روس نے آپس کی غلط فہمیوں کو دور کرکے تعلقات کے نئے دور کا آغاز کیا ہے تو امریکہ سے کہاں یہ برداشت ہوتا ہے کہ پاکستان چین اور روس کے ذریعے معاشی خودکفالت اور ترقی حاصل کرے۔چین نے ایک طرف اگر پاکستان کے دفاع کو نقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے تو وہاں معیشت کو مستحکم کرنے اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے کیلئے سی پیک جیسے منصوبے میں پاکستان کو شامل کیا ہے۔
 اس طرح بھارت بھی امریکہ کے ساتھ سی پیک کو ناکام بنانے اور اس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے میں رکاوٹ ڈالنے  کی سازش میں برابر کا شریک ہے۔ چینی ماہرین کو نشانہ بناکر وہ چاہتے ہیں کہ چین یہاں پر اپنے ماہرین کو بھیجنا بند کردے اور سی پیک پر کام کی رفتار سست پڑ جائے تاہم چین اور پاکستان دونوں بھارت اور امریکہ کی ان سازشوں سے پوری طرح باخبر ہیں اور ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات پیش آنے کے باوجود پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی گئی ہے۔ اب بھی آزمائش کی اس گھڑی میں دونوں ممالک ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ببانگ دہل کہہ دیا ہے کہ دشمن کبھی بھی پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔