دبئی سے اسلام آباد موبائل فونز سمگلنگ کی کوشش ناکام، 3 ملزمان گرفتار

اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے پاس سے ساڑھے چار کروڑ کے 123 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر انسداد اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز دبئی سے پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق کسٹمز ڈیپارٹمٹ کو پی آئی اے کی فلائٹ کے ذریعے دبئی سے آنے والے مذکورہ مسافروں بارے اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ جس پرایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ہیڈ کوارٹرکوکب فاروق کی سربراہی میں ٹیم نے موبائل فون اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافروں سے اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا ہے۔

برآمد شدہ سامان سے ساڑھے چار کروڑ روپے کے 123 قیمتی موبائل فون، ایئر پوڈز، ہیڈ فونز سمیت دیگر آلات پکڑ لیے ہیں۔ پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی فلائٹ پی آئی اے 212 سے یعقوب،اعجاز اور رمضان نامی تین مسافروں سے اسمگل شدہ موبائل فون پکڑے گئے۔

کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے موبائل فون اسمگل کرنے والے تینوں مسافروں یعقوب، اعجاز اور رمضان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مزید کارروائی جاری ہے۔