ممبئی: بھارتی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ارجیت سنگھ نے کہا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نامور بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں اپنے کنسرٹ کے دوران اپنے پاکستانی مداحوں کو بڑی خوشخبری سُنا دی۔
گلوکار نے کہا کہ ’’میں آپ کی محبت اور جذبےکو سمجھ سکتا ہوں، میں جلد پاکستان آؤں گا‘‘۔
ارجیت سنگھ کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پرع وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار کی جانب سے اپنے متوقع دورہ پاکستان کے بارے میں گفتگو کی گئی جس پر کنسرٹ میں موجود مداحوں کے ہجوم نے ان کا خوب خیرمقدم کیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین کا بھی کہنا ہے کہ وہ ارجیت کو پاکستان میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ ارجیت کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم ان کے پسندیدہ گلوکاروں میں سے ایک ہیں جبکہ وہ راحت فتح علی خان اور شفقت امانت علی کو بھی بہت پسند کرتے ہیں۔