ایبٹ آباد، سکول وین کھائی میں جا گری، 4بچے جاں بحق، 12زخمی

ایبٹ آباد: ضلع ایبٹ آباد میں سکول وین گہری کھائی میں جاگری،  المناک حادثے میں 4 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 12شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد کے پنڈ کرگو خان میں پیش آیا جہاں سکول وین تیز رفتاری کے باعث گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں چار بچے جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا تاہم دشوار گزار اور تنگ راستوں کے باعث ریسکیو میں مشکلات درپیش رہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فوری طور پر جاں بحق بچوں کی عمر اور ناموں کا تعین نہ ہوسکا، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔