شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کلین چٹ  

اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں بڑا ریلیف مل گیا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے انہیں کلین چٹ دے دی ہے۔

خیال رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر 2021 کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا اور وہ کچھ عرصہ جیل میں بھی رہے اور اب ضمانت پر رہا تھے۔

مگر شواہد نہ ہونے کے باعث اب این سی بی نے آریان خان، گوپال جی آنند، سمیر سگھیان، بشکر اروڑا، مانو سنگھال اور اوین شاہو کو اس کیس میں کلین چٹ دے دی ہے۔

این سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ' 2 اکتوبر 2021 کو این سی بی ممبئی نے آریان خان سمیت دیگر کو حراست میں لیا تھا کیونکہ آریان اور ایک اور فرد کے علاوہ سب کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی تھی'۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ابتدائی میں کیس کی تحقیقات این سی بی ممبئی نے کی ، بعد میں این سی بی کے دہلی ہیڈکوارٹرز نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو قائم کیا جو 11 نومبر 2021 سے معاملے کی جانچ پڑتال کررہی تھی'۔

ممبئی ہائیکورٹ نے آریان خان کو 28 اکتوبر 2021 کو ضمانت پر رہا کیاتھا۔

مارچ 2022 میں این سی بی نے ممبئی کی ایک سیشن عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس منشیات کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے 90 دن کا مزید وقت دیا جائے کیونکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

اس موقع پر مارچ بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے دریافت کیا کہ آریان خان کے پاس منشیات نہیں تھی اور واٹس ایپ چیٹس سے بھی ایسا کوئی عندیہ نہیں ملا کہ وہ کسی جرائم پیشہ تنظیم کا حصہ ہیں۔

اس کے بعد سے معاملے کی تحقیقات جاری تھی مگر اب آریان خان سمیت 6 افراد کو کلین چٹ دیتے ہوئے فرد جرم میں ان کے نام شامل نہیں کیے جارہے۔

اس کیس میں اب دیگر 14 افراد پر فرد جرم عائد کی جائے گی ۔