چنئی: بھارت کی ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار یش کی جاندار اداکاری کے باعث ‘کے جی ایف’ کے پہلے دو سیزن خوب ہٹ رہے اور فلم نے بھرپور بزنس کیا، تاہم اب تیسرے سیزن میں ہیرو کا رول یش کے بجائے کسی اور ادکار کی جانب سے نبھانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکشن سے بھرپور فلم کے جی ایف سیزن دو کی کامیابی کے بعد فلمسازوں نے اس کا تیسرا سیزن بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے، تاہم اس سیزن میں گزشتہ دو سیزن میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے یش کے بجائے بالی ووڈ کے سُپر اسٹار ریتک روشن کو فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لئے رابطہ کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب ‘کے جی ایف 3’ کی تیاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر وجے کیراگندور نے کہا کہ کےجی ایف 3 رواں سال ریلیز نہیں ہوگی.
انہوں نے کہا کہ فلم کے ہدایتکار پرشانت نیل اور اداکار یش دونوں اس وقت دیگر پراجیکٹس میں مصروف ہیں، جیسے ہی وہ دونوں اپنے پراجیکٹس مکمل کرلیں گے تو فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیں گے۔
کیراگندور کا کہنا تھا کہ فلم کی اسٹار کاسٹ کا دارومدار ان کی دستیابی پر ہے، ایک بار پراجیکٹ کی شوٹنگ کے حوالے سے تاریخ طے ہوجائے اس کے بعد ہی وہ فلم کی اسٹار کاسٹ کے بارے میں بات کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ فلم کے جی ایف 2 کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور فلم ریلیز کے بعد سے دنیا بھر میں اب تک 46 روز کے دوران 1200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے.
فلم 14 اپریل کو ریلیز کی گئی تھی جس میں یش، سنجے دت، روینہ ٹنڈن، سری ندھی شیٹی اور پرکاش راج نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔