کرن جوہر نے نچ پنجابن نچ کا کریڈٹ ابرار الحق کو دیدیا

پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق کی مشہور بھارتی فلمساز کرن جوہر کو دی گئی قانونی چارہ جوئی کی دھمکی کام کر گئی۔

فلمساز کرن جوہر نے اپنی نئی ریلیز ہونے والی فلم ”جگ جگ جیو“ کے لیے چوری کیے گئے گانے ”نچ پنجابن نچ“ کا کریڈٹ ابرار الحق کو دے دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر کرن جوہر نے فلم ”جگ جگ جیو“ کے گانے ”پنجابن“ کا پوسٹر شیئر کر دیا جس میں گانے اور لیرکس کا کریڈٹ ابرار الحق اور بھارتی موسیقار تنشک باغچی کا دیا گیا ہے۔

گانا ”پنجابن“ کل یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا جب کہ فلم 24 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

کچھ روز قبل ابرار الحق نے انکشاف کیا تھا کہ ان کا مشہور زمانہ گانا کرن جوہر نے فلم کے لیے چوری کر لیا ہے۔ ٹوئٹر پر ابرار الحق نے کہا تھا کہ میں نے کسی بھارتی فلم کو اپنا گانا ”نچ پنجابن“ فروخت نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گانا چوری کیے جانے پر میں اس کے خلاف ہرجانے کے لیے عدالت جانے کا مکمل حق رکھتا ہوں، کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو کسی کا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے، یہ میرا چھٹا گانا ہے جو بغیر اجازت استعمال کیا گیا ہے۔