پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کو پھول دینے والے شخص کی گتھی نہ سلجھ سکی تاہم اب مداح کی پہچان کے حوالے سے صبا قمر نے خود گفتگو کی ہے۔
کچھ ماہ قبل اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوریز پر خوبصورت گلدستے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں روزانہ ایک نامعلوم مداح گلدستے اور تحائف بھیج رہا ہے جس پر اداکارہ نے مداح کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
اب اس حوالے سے صبا کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے نجی میڈیا کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران پھول بھیجنے والے مداح سے متعلق گفتگو کی ہے، میزبان واسع چوہدری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صبا قمر نے کہا کہ پھول ہمیشہ پیار کرنے والے دیتے ہیں اور جو بھی مجھے پھول بھیج رہا ہے وہ پاکستانی نہیں ہے۔
پھول دینے والا سامنے کب آئے گا؟ کے سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ جو حالات جا رہے ہیں انھیں دیکھ کر لگتا ہے کہ اس شخص کے سامنے آنے میں دیر نہیں لگے گی بلکہ وہ جلد سامنے آجائے گا۔