کیرالہ: بھارت کے گلوکار ایڈاوا بشیر ایک لائیو پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر گر کر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں ملیالم فلم انڈسٹری کے مقبول ترین گلوکار 78 سالہ ایڈاوا بشیر بلو ڈائمنڈ آرکسٹرا کی گولڈن جوبلی جشن پر لائیوپرفارمنس کے دوران انتقال کرگئے۔
معروف گلوکار اسٹیج پر اپنا ایک مقبول گانا گا رہے تھے جب ان کے سینے میں شدید درد اُٹھا اور وہ سینہ پکڑ کر کچھ دیر کے لیے ساکت ہوگئے اور پھر اسٹیج پر گر پڑے۔
گلوکار کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ایڈاوا بشیر کے موت کی تصدیق کردی۔ ان کے فلمی گیت کیرالہ میں زبان زد عام ہیں لیکن وہ اپنی لائیوپرفارمنس کے لیے پورے بھارت میں شہرت رکھتے تھے۔
ایڈاوا بشیر نے 1972 میں میوزیکل اکیڈمی سے موسیقی کی تعلیم مکمل کی تھی۔ وہ کسی اکیڈمی سے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے والے چند بھارتی گلوکاروں میں سے ایک تھے۔