نئی دہلی: بھارت میں کانگریس رہنما اور مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو نامعلوم حملہ آوروں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی گلوکار کا قتل پنجاب کے گاؤں موسیٰ میں ہوا جو ان کا آبائی گاؤں ہے، حادثے کے وقت وہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کررہے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے سدھو کی گاڑی پر حملہ کیا اور 30 سے زائد گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں سدھو اور گاڑی میں موجود دیگر 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم سدھو موسے والا اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
28 سالہ مقتول گلوکار بھارت کی معروف سیاسی جماعت کانگریس سے بھی منسلک تھے اور ان 424 افراد میں شامل تھے جن کی سیکیورٹی پنجاب پولیس کی جانب سے ایک روز قبل ہی واپس لی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا نے رواں برس کانگریس کے ٹکٹ پرمانسا سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں عام آدمی پارٹی کے امیدوار وجے سنگلا نے63 ہزار ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔