لاہور میں سوتیلی نانی نے 10 کروڑ روپے تاوان کے لئے کمسن نواسے کو اغوا کروالیا۔
ڈی آئی جی انوسٹیگیشن کامران عادل نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ تھانہ سندر کے علاقے سے تاوان کے لئے اغوا کئے گئے بچے 5 سالہ عریض احمد کو بحفاظت بازیا کرکے 2 ملزمان سجاد اوراکرم کو گرفتارکرکے 2 جدید رائفلز اورگولیاں برآمد کرلی گئیں۔
ڈی آئی جی انوسٹیگیشن نے بتایا کہ بچے عریض کی سوتیلی نانی مہوش نے شہباز اوراویس نامی افراد کے ساتھ مل کر سوتیلے نواسے کے اغوا کی منصوبہ بندی کی تھی۔ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے دبئی کے نمبرز سے کانفرنس کال کے ذریعے مدعی سے رابطہ کرتے تھے۔ مہوش اورشہباز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ملزمان نے 13 مئی کی شام کو نجی سوسائٹی کے پارک سے بچے کو اغوا کیا تھا اور10 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ بچے کے والد کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔