ممبئی: بالی ووڈ کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اننیا پانڈے نے کہا ہے کہ انہوں نے آریان کو منشیات فراہم نہیں کیں اس کا بیان جھوٹا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ اننیا پانڈے نے آریان خان کو منشیات فراہم کرنے کے حوالے سے اینٹی نارکوٹکس بیورو کو تفصیلی جواب جمع کروا دیا ہے۔
اداکارہ نے این سی بی کو دیے گئے بیان میں اپنی اور آریان کی دوستی سمیت واٹس ایپ چیٹ اور منشیات فراہمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آریان نے این سی بی کو دیے گئے بیان میں میری جانب سے منشیات فراہمی کے حوالے سے جھوٹ بولا ہے۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان نے این سی بی کو دیے گئے بیان میں اننیا پر الزام لگایا تھا کہ’ اننیا نے انہیں اپنی چھوٹی بہن سے چرس لے کر دی تھی، اننیا نے اپنی چھوٹی بہن کو چرس سمیت پکڑا تھااور کیونکہ اننیا اپنے والدین کو نہیں بتانا چاہتی تھی لہٰذا اس نے مجھے چرس دی اور اسے تلف کرنے کو کہا اور میں نے ایسا ہی کیا تھا‘۔
تاہم اب اننیا نے آریان خان کے لگائے ان الزامات کو جھوٹا اور بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہوں نے کبھی آریان سمیت کسی کو بھی منشیات کی آفر نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے کبھی کسی کو منشیات کے لیے ادائیگی کی‘۔
یاد رہے کہ آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گزشتہ سال اکتوبر میں گرفتار کیا تھا جبکہ بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا جبکہ حال ہی میں این سی بی نے آریان کو کیس میں کلین چٹ دے دی تھی۔