ریاض: عازمین حج کا پہلا قافلہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی کیلئے مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق سعودی عرب میں 2 سالہ عرصے کے بعد مذہبی فریضہ ادائیگی کیلئے غیر ملکی عازمین کی آمد کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں عازمین کا پہلا قافلہ انڈونیشیا سے مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے، ائیرپورٹ پہنچنے پر سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا ہے۔
اس موقع پر سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج کو پھول، کھجوریں اورآب زم زم کی بوتلیں بھی پیش کی گئیں۔
خیال رہے کہ 2 برس سے کورونا وبا کے باعث حج کو صرف مقامی عازمین تک محدود کیا گیا تھا، تاہم رواں برس اپریل میں سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس سال دنیا بھر سے 10 لاکھ عازمین حج ادا کر سکیں گے.
سعودی حکومت نے رواں برس بھی 65 سال سے کم عمر افراد کو مذہبی فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے 81 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے، چالیس فیصد کوٹہ سرکاری جبکہ 60 فیصد پرائیوٹ آپریٹر کو دیا گیا ہے۔