بنگلہ دیش، کنٹینر ڈپو میں آتشزدگی، 34افراد جاں بحق، سینکڑوں زخمی

ڈھاکا:بنگلا دیش کے ایک کنٹینر ڈپو میں آگ لگنے سے کم از کم 34 افرادجاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چٹاگانگ سے 25 میل دور واقع سیتا کنڈا کے علاقے میں پیش آیا جہاں 4 جون کی شب ایک شپنگ کنٹینر ڈپو میں آگ لگ گئی۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ اس جگہ متعدد کنٹینرز میں کیمیکلز موجود ہے جن میں مسلسل دھماکے ہورہے ہیں جس کے باعث آگ کو اب تک بجھایا نہیں جاسکا۔

مقامی طبی عملے نے بتایا کہ آتشزدگی سے اب تک 34 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 300 سے زیادہ زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

آگ بجھانے میں مصروف ایک رضاکار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی کچھ لاشیں متاثرہ حصے میں موجود ہیں۔

چٹاگانگ کے پولیس سربراہ انور حسین نے بتایا کہ زخمیوں میں 40 فائر فائٹرز اور 10 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم 5 فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کچھ زخمیوں کی حالت بہت زیادہ نازک ہے۔