مقبول بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے اعتراف کیا ہے کہ نہ صرف عاطف اسلم بلکہ تمام پاکستانی گلوکاروں کا کوئی ثانی نہیں۔ نیہا ککڑ کو ابتدائی طور پر پرانے بھارتی اور پاکستانی گانوں کو دوبارہ گانے کی وجہ سے شہرت ملی تھی اور وہ تاحال پرانے گانوں کو ریمیک کے ذریعے پیش کرنے کی وجہ سے مقبول ہیں۔
نیہا ککڑ نے جہاں متعدد پرانے بھارتی گانوں کو نئے انداز میں پیش کیا ہے، وہیں انہوں نے درجنوں پاکستانی گانوں کو بھی دوبارہ گاکر اپنی شہرت میں اضافہ کیا۔
گلوکارہ، راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے علاوہ دیگر پاکستانی گلوکاروں کے پرانے گانوں کو ریمیک میں گا چکی ہیں اور وہ پاکستانی گلوکاروں کے ہمراہ امریکا، یورپ اور مشرق وسطی ممالک کے ایونٹس میں پرفارمنس بھی کر چکی ہیں۔
ماضی میں نیہا ککڑ عاطف اسلم کے ساتھ بھی کنسرٹس میں پرفارمنس کر چکی ہیں اور حال ہی میں اداکارہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابو ظہبی میں ہونے والے آئیفا ایوارڈ میں شریک ہوئیں تو انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستانی گلوکاروں کی تعریفیں کیں۔
نیہا ککڑ کی آئیفا ایوارڈز کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہیں عاطف اسلم سمیت دیگر پاکستانی گلوکاروں کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں نیہا ککڑ ایک سوال کے جواب میں بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ انہیں نہ صرف عاطف اسلم بلکہ تمام پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ پرفارمنس کرنا اچھا لگتا ہے۔
گلوکارہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ہر چیز سے بالاتر ہوکر اگر سچی بات کی جائے تو پاکستانی گلوکاروں کا کوئی ثانی نہیں۔ گلوکارہ کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ جو ٹیلنٹ پاکستان میں موجود ہے، اس کا کوئی توڑ اور مقابلہ ہی نہیں۔ ساتھ ہی وہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ وہ پاکستانی موسیقی کی بڑی مداح ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں صحافی گلوکارہ کو بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ پاکستان میں ان کے بہت سارے مداح موجود ہیں، جس پر وہ کہتی ہیں کہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستان میں ان کے مداح موجود ہیں مگر وہ خود پاکستانی موسیقی کی مداح ہیں اور وہ وہاں کے مداحوں کی مشکور ہیں۔