بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو ممبئی کے علاقے باندرا بینڈ اسٹینڈ کے قریب سے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کے نام دھمکی آمیز ایک غیر دستخط شدہ خط ملا۔
رپورٹس کے مطابق سلیم خان کے سکیورٹی گارڈ کو دھمکی آمیز خط اتوار کے روز صبح 8 بجے ایک بینچ پر اس وقت ملا جب سلیم خان روزانہ جاگنگ کے بعد بیٹھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق باندرا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ دھمکی آمیز خط میں لکھا ہوا تھا کہ ' موسے والا جیسا کر دوں گا'۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارینس بشنوئی نے چند سال قبل سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد خدشہ ہے کہ اب گینگسٹر لارینس بشنوئی کے نشانے پر سلمان خان ہیں، اسی لیے اداکار کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔