نئی دہلی: نبی کریم ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیان دینے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل ترجمان نوپور شرما اور ان کے خاندان کو دہلی پولیس نے سخت سکیورٹی فراہم کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کی ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی جس پر دہلی پولیس نے انھیں اور ان کے خاندان کو سکیورٹی فراہم کردی ہے۔
گستاخی کی مرتکب نوپور شرما نے ایف آئی آر میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا تھا اور پولیس نے اہلیہ خانہ سمیت سخت سکیورٹی مانگی تھی حالانکہ انھیں بحثیت ترجمان حکمراں جماعت کے پہلے ہی سکیورٹی حاصل تھی۔
گزشتہ روز ایک بیان میں نوپورشرما نے کہا تھا کہ اگر میرے ریمارکس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی چاہتی ہوں اور غیر مشروط طور پر بیان واپس لیتی ہوں۔ ساتھ ہی انھوں نے میڈیا سے درخواست کی تھی ان کے گھر کا پتہ شائع نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ نوپور شرما نے ایک ہفتے قبل ٹی وی پروگرام میں گستاخانہ کلمات کہے تھے جس پردنیا بھر کے مسلمانوں میں غم اور غصے کی لہر دوڑ گئی اورشدید احتجاج شروع ہو گیا جس پر بی جے پی اپنی ترجمان کو ہٹانے پر مجبور ہوئی۔
حکمراں جماعت نے ترجمان نوپور شرما کو معطل کرنے کے بعد دہلی کے میڈیا ہیڈ نوین کمار کو بھی معطل کردیا۔