اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلمز اور پاک فلکس پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی فلم ڈویژن کا مقصد نوجوانوں کی فلم سازی میں مشغولیت کو فروغ دینا ہے پاک فلکس پراجیکٹ میں پی ٹی وی کے مواد کو آن لائن کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ2017 میں پی ٹی وی فلم ڈویژن پر کام شروع کیا تھا جس کے بعد 2018 میں کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان کی پہلی فلم پالیسی لانچ کی گئی جبکہ قیام پاکستان کے 70 سال مکمل ہونے پر جمال شاہ نے پاکستان کی پہلی کلچر پالیسی تیار کی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ’’بدقسمتی سے ملک میں فلم کو انڈسٹری کا درجہ نہیں دیا گیا، لیکن 2018 میں ہم نے نہ صرف پالیسی بنائی بلکہ پہلی مرتبہ فلم اور کلچر سیکٹر کو اس میں شامل کیا، تاہم بدقسمتی سے سابق دور میں فلم پالیسی پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیکنالوجی ایڈوانس ہو چکی ہے، سینما گرافی بھی بہتر ہے لیکن موادکا فقدان ہے، بچوں کے مواد کا فقدان ہے، نجی چینلز، فلم، ڈاکومنٹری میں بچوں کے مواد کے فقدان کی وجہ سے ہمارے بچے غیر ملکی مواد دیکھتے ہیں تاہم اب پی ٹی وی پر بچوں کے لئے بہتر مواد فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پی ٹی وی سکرین معاشرے کے لئے بیانیہ تشکیل دیتی ہے، پاک فلکس پر پی ٹی وی اور فلم کا تمام آرکائیو موجود ہوگا جبکہ پاکستان سے باہر بیٹھے ہوئے لوگ بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم سیاحت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے، پی ٹی وی فلم ڈویژن کا اولین مقصد یہی ہے کہ وہ سیاحت کو فروغ دے۔