جمائمہ گولڈ اسمتھ کی فلم میں سجل کی انٹری

 ہالی ووڈ فلموں کی لکھاری اور پروڈیوسر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے انسٹاگرام پر پاکستانی اداکارہ سجل علی کے ساتھ شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کی ہیں، ان  تصاویر میں یہ دونوں ایک ساتھ  خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہی ہیں۔

جمائمہ گولڈ سمتھ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر  اپنی آنے والی فلم ’’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کی تصویر شیئر کی ہے جو کہ 27 جنوری 2023 میں برطانیہ کے سنیما گھروں میں پیش کی جائےگی۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پاکستانی ادارکاہ سجل علی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی اور ساتھ ہی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی بھی فلم کا حصہ ہوں گی جبکہ مرکزی کردار برطانوی اداکار شہزاد لطیف اور اداکارہ للی جیمز نبھائیں گے۔
حال ہی میں جمائمہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سجل علی کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویرشیئر کی ہیں ، ان  تصاویر میں یہ دونوں ایک ساتھ  خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہی ہیں۔

بھارتی ہدایتکار شیکھر کپور کی ہدایتکاری میں بننے والی رومانوی نوعیت کی اس فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی سابقہ اہلیہ  جمائمہ گولڈ اسمتھ فلم کی لکھاری اور پروڈیوسر ہیں۔

خیال رہے کہ سجل علی اس سے قبل بالی ووڈ کی فلم ’موم‘ میں نواز الدین صدیقی، اکشے کھنہ اور سری دیوی کے ساتھ  کام کر کے  سرحد پار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں تاہم سجل اب جلد ہالی ووڈ کی  اس فلم  میں کام کر کے دنیا بھر میں پاکستانی ٹیلنٹ کی نمائندگی کرتی نظر آئیں گی۔