دمشق:اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے شام کے ایئرپورٹ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں شہری زخمی ہواجبکہ ایئرپورٹ کی ٹرمینل کی عمارت تباہ ہوگئی۔
شامی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی دمشق میں کئی علاقوں کو نشانہ بنایا، تاہم شامی ائیر ڈیفنس فورس نے بھرپور جواب دیتے ہوئے متعدد اسرائیلی راکٹوں کا حملہ ناکام بنا کر انہیں مار گرایا۔
اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد شام نے دمشق کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے تمام فضائی آپریشنز روک دیے ہیں۔
شام آنے والی تمام پروازیں دمشق ایئرپورٹ پر لینڈ نہیں کریں گی، اسی طرح ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا ثنا کے مطابق ایئر ڈیفنس سسٹم نے کئی اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا لیکن چند میزائلوں سے نقصان بھی پہنچا، جب کہ ایک شہری زخمی ہوا۔
شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ دمشق ایئرپورٹ کو تکنیکی وجوہات کی بِنا پر بند کیا جارہا ہے، سرکاری بیان میں اسرائیلی حملے کا ذکر نہیں کیا گیا۔
شام کے محکمہ انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی بمباری سے دمشق ایئرپورٹ کے رن وے کو نقصان پہنچا ہے۔
شام کی نجی ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ اپنی تمام پروازوں کو حلب ایئرپورٹ کی طرف منتقل کر رہی ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پروازوں کی معطلی کچھ تکنیکی آلات کی سروس سے معطل ہونے کے نتیجے میں ہوئی، لیکن ہوائی اڈے کے ملازم نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر اے ایف پی کو بتایا کہ ہوائی اڈہ اسرائیلی بمباری سے متاثر ہوا۔
اس نے بتایا کہ تمام پروازیں کم از کم 48 گھنٹوں کیلئے ملتوی کرنی پڑیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کچھ پروازوں کو حلب کے ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے صبح کے وقت ایک فوجی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی کہ جمعہ کی صبح اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شام کی وادی گولان کی سمت میزائل داغے۔
یہ میزائل شام کے جنوبی علاقوں میں گرے جب کہ شامی فضائی دفاع نے ان میزائلوں کے بعد جوابی کارروائی کی ہے۔