دُنیا صرف سوشل میڈیا تک رہ گئی ہے، فیصل قریشی عامر لیاقت کے جنازے میں نہ آنے والوں پر برہم

اداکار فیصل قریشی نے عامر  لیاقت حسین کے جنازے میں شرکت نہ کرنے والے فنکاروں پر غصے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی اور لکھا کہ ’یہ دُنیا صرف سوشل میڈیا کی حد تک رہ گئی ہے، کوئی مرے یا زندہ رہے، بس اسٹیٹس لگا دو‘۔

اداکار نے اسٹیٹس لگانے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘کسی کے جنازے یا دُکھ درد میں شرکت نہیں کرتے لیکن خبروں میں آنے کے لیے سوشل میڈیا پر لکھ دیتے ہیں تاکہ کہیں نہ کہیں چھپ جائے‘۔

فیصل قریشی نے کہا کہ ’یہ دیکھ کر بےحد افسوس ہوا جن کے لیے عامر لیاقت نے بہت کچھ کیا، وہ اُن کے نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’جو لوگ شہر میں نہیں تھے، اُن کا سمجھ آتا ہے لیکن جو کراچی میں ہوتے ہوئے بھی عامر لیاقت حسین کے نمازِ جنازہ میں نہیں آئے، اُن کے لیے بس یہی ہے کہ یہ دُنیا مطلبی ہے‘۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی جب کہ ان کی نماز جنازہ عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی جسے ان کے بیٹے احمد عامر نے پڑھایا۔