کراچی: اداکارہ اُشنا شاہ معروف اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک موت پر میمز بنانے والوں اور سوشل میڈیا صارفین پر برہم ہوگئیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ اُشنا شاہ نے لکھا کہ عامر لیاقت کی نجی ویڈیوز ایک عورت نے سوشل میڈیا پر شیئر کردیں، جس سے اُنہوں نے قانونی طور پر شادی کی، وہ بےعزت ہو کر دُنیا سے رخصت ہوگئے۔
انہوں نے لکھا کہ جس کسی نے بھی ان ویڈیوز کو شیئر کیا، ان کا مذاق اُڑایا، ان پر ہنسا، اُن سب کے ہاتھوں پر عامر لیاقت کا خون ہے، معروف اینکر نے ہمیں ہنسنے کا مواد مہیا کیا لیکن مجھے امید ہے کہ وہ اب سکون میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے رکن قومی اسمبلی اور نامور اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت 9 جون، جمعرات کے روز کراچی میں انتقال کرگئے تھے اور جبکہ جمعے کے روز اُن کی تدفین کی گئی۔
عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔